20 اکتوبر 2017 - 18:28
ایران، ترکی کیساتھ باہمی تجارت کو 30 ارب ڈالر تک لے جانے کیلئے پُرعزم

سنیئر نائب ایرانی صدر نے کہا ہے کہ ہم ترکی کے ساتھ باہمی تجارتی حجم کو 30 ارب ڈالر تک لے جانے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کریں گے اور اس مقصد کے لئے دونوں ممالک کی کاوشیں جاری رہیں گی.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سنیئر نائب ایرانی صدر نے کہا ہے کہ ہم ترکی کے ساتھ باہمی تجارتی حجم کو 30 ارب ڈالر تک لے جانے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کریں گے اور اس مقصد کے لئے دونوں ممالک کی کاوشیں جاری رہیں گی.

ان خیالات کا اظہار 'اسحاق جہانگیری' نے ڈی ایٹ تنظیم کی سربراہی اجلاس کے موقع پر ترک وزیراعظم 'بنالی یلدریم' کے ساتھ وفود کی موجودگی میں گفتگو کرتے ہوئے کیا.

اس موقع پر ایران اور ترکی کے اعلی سطح وفود بھی شریک تھے.

جہانگیری نے ایران اور ترکی کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے آئندہ اجلاس کے جلد انعقاد پر زور دیا جس کا مقصد تعاون کی راہ میں رکاوٹوں کا خاتمہ کرنا ہے.

انہوں ںے مزید کہا کہ ایران اور ترکی مشترکہ اقتصادی سرگرمیوں میں مزید بہتری لانے کے لئے لوکل کرنسی کی آسانی لین دین کے حوالے سے بھی تعاون کریں گے.

اسحاق جہانگیری نے دونوں ممالک کے درمیان بینکاری، ٹرانسپورٹیشن اور کسٹم کے شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید بڑھانے پر زور دیا.

خطے کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے عراق کے مسئلے پر تہران اور انقرہ کے درمیان سیکورٹی تعاون کی توسیع کا مطالبہ کیا.

انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاستوں کو درپیش مسائل بالخصوص میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لئے ایران اور ترکی کے قریبی تعاون اہم ہے.

جوہری معاہدے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ایران ایٹمی سمجھوتہ ایک عالمی دستاویز ہے جسے کوئی بھی ملک اپنے طور پر ختم نہیں کرسکتا، لہذا دنیا کے ممالک باہمی کوشش سے امریکہ کو جوہری معاہدے کے خاتمے کی اجازت نہ دیں.

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲