8 اکتوبر 2017 - 19:40
آزاد کشمیرمیں 8 اکتوبر2005 کے ہولناک زلزلے کو 12 سال بیت گئے

آزادکشمیر میں مجموعی طور پر2800 کے قریب سرکاری تعلیمی ادارے تباہ ہوئے جب کہ تعمیرنو کے 7835 منصوبوں میں سے 2442 منصوبے تکمیل کے منتظر ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق آزادکشمیر میں 8 اکتوبر 2005ء کو آنے والے ہولناک زلزلے کو 12 سال بیت گئے اوراس سلسلے میں بارہویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ 12 سال قبل قیامت خیز زلزلہ میں بالاکوٹ کا 95 فیصد انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا تھا اور اتنا عرصہ ہونے کے باوجود نیو بالاکوٹ سٹی کی تعمیر کا منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔ واضح رہے کہ 2005 کے زلزلے میں تقریباً ایک لاکھ افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے جب کہ لاکھوں افراد کو بے گھر ہونے کا عذاب بھی سہنا پڑا۔ زلزلے سے ہونے والی تباہی کی شدت کا اندازہ صرف اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ متاثرہ علاقوں کے باسی تاحال اپنے گھروں میں صحیح طریقے سے رہنے کے قابل نہیں ہوئے جب کہ سیکڑوں اسکول، تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال اور دیگر سرکاری و نجی عمارتیں آج بھی تعمیر نہ ہو سکیں۔ آزادکشمیر میں مجموعی طور پر2800 کے قریب سرکاری تعلیمی ادارے تباہ ہوئے جب کہ تعمیرنو کے 7835 منصوبوں میں سے 2442 منصوبے تکمیل کے منتظر ہیں۔ زلزلے کی بارویں برسی کے موقع پر مساجد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، قائم مقام وزیراعظم راجہ نثار نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ خورشید حسن خورشید اسٹیڈیم میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، شہداء کی یاد میں سائرن بجائے گئے اورایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، تقریب میں اعلی عسکری اور سول حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جب کہ آزادکشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کی یادگار پر سلامی دی۔

.......

/169