29 اگست 2017 - 13:13
ایرانی قونصل جنرل محمد رفیعی کی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سے ملاقات

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، صحت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ دو طرفہ تجارتی سرگرمیوں سے دونوں ممالک کے تاجر اور عوام بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی سے کوئٹہ میں متعین ایران کے قونصل جنرل محمد رفیعی نے انکے چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر انجنیئر زمرک خان اچکزئی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین تعلقات ثقافتی اور مذہبی رشتوں کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ حکومت اور عوام ایران کے ساتھ صدیوں پر محیط تاریخی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے۔ ایران کے ساتھ تجارت سمیت دیگر شعبوں میں دوستانہ تعلقات ہیں اور ان تعلقات کی بنیاد باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور مشترکہ مفادات ہیں۔ اسپیکر نے ایرانی حکومت کی پاکستان میں دو طرفہ تجارت سمیت دیگر شعبوں میں گہری دلچسپی کے اظہار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے تاجر اور عوام بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، صحت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ اسپیکر نے دونوں ممالک کے درمیان روابط اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے قونصل جنرل ایران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل محمد رفیعی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان صدیوں پرانے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔ جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ایران پاکستان کے ساتھ بینکنگ سسٹم کی بحالی کے فروغ کا خواہاں ہے، کیونکہ اس عمل سے نہ صرف ایران بلکہ پاکستان کے تاجروں کو فائدہ پہنچے گا، بلکہ باہمی تجارت کے حجم میں بھی اضافہ ہوگا۔ بہت جلد بلوچستان کے پچاس بڑے تاجروں پر مشتمل ایک وفد ایران کا دورہ کرے گا۔ جوائنٹ ایران پاکستان چیمبر آف کامرس کا قیام بھی زیر غور ہے۔ اسکے علاوہ بارڈر ٹریڈ کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کے مابین ٹرین سروس کی کامیابی کے لئے تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تجارت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل نے اسپیکر راحیلہ درانی کو ایران کے دورے کی دعوت دی، جس پر اسپیکر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

.......

/169