6 اگست 2017 - 11:23
طاہرالقادری: شہباز شریف کا اقتدار انصاف کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے

پی اے ٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ والے نواز شریف کے سیاسی مردے کو کب تک کندھوں پر اٹھائے پھریں گے، بہتر ہو گا اس سیاسی نعش کو متعفن ہونے سے پہلے دفنا دیا جائے، عدالت میں جھوٹے ثابت ہونیوالے سڑکوں پر گواہیاں دیتے پھر رہے ہیں، تاریخ رسم ’’ساتواں ‘‘ میں شریک ہجوم کو نہیں لارجر بنچ کے متفقہ فیصلے کو یاد رکھے گی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے لاہور میں ہونیوالے کور کمیٹی کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ (ن) لیگ والے نواز شریف کے سیاسی مردے کو کب تک کندھوں پر اٹھائے پھریں گے، بہتر ہو گا اس سیاسی نعش کو متعفن ہونے سے پہلے دفنا دیا جائے، عدالت میں جھوٹے ثابت ہونیوالے سڑکوں پر گواہیاں دیتے پھر رہے ہیں، تاریخ رسم ’’ساتواں ‘‘ میں شریک ہجوم کو نہیں لارجر بنچ کے متفقہ فیصلے کو یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ 8 اگست کو وطن پہنچوں گا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے قانونی جنگ تیز کرینگے، شریف برادران ہمارے بے گناہ کارکنوں کے قاتل ہیں، ان شاءاللہ تعالیٰ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ بھی پبلک ہوگی اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف بھی ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا اقتدار انصاف کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے، عوام نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کا ساتھ دیا، شریف برادران تمام تر کوشش کے باوجود سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کو داخل دفتر نہ کر سکے، ہم نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر پر پہرہ دیا اور اسے زندہ رکھا، ہماری تین سالہ قانونی جدوجہد کا یہی حاصل ہے، امید ہے اب انصاف کی طرف پیشرفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے غریب ورثاء نے شریف برادران کے کروڑوں روپے کو پاؤں کی ٹھوکر پر رکھا اور وقت کے یہ فرعون تمام ہتھکنڈے اختیار کرنے کے باوجود کسی ایک وارث کو گواہی دینے سے نہ روک سکے اور نہ انہیں خرید سکے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی یہی استقامت انصاف کی شکل میں ان کا مقدر بنے گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کا فیصلہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

.......

/169