اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے یوم ولادت با سعادت کے موقعہ پر وابستگان امامت و ولایت کو ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے اسلام اور شریعت اسلامی کی سربلندی کیلئے امام عالی مقام کے کردار و عمل کو تاریخ اسلام کے ایک درخشان باب سے تعبیر کیا۔ آغا حسن نے کہا کہ ایران کو اسلامی علوم کا ایک اہم مرکز بنانے میں امام عالی مقام ؑ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ امام ؑ کی گرانقدر خدمات، قربانیوں اور دعاوں کا ہی ثمرہ ہے کہ ایران میں ہمیشہ ایسے جلیل القدر علما اور فقہاپید ہوئے جنہوں نے دنیا بھر میں دعوت اسلام کے مشن کو جاری و ساری رکھا۔ دنیا کے اکثر و بیشتر ممالک میں تشہیر اسلام کا سہرا ایرانی مبلغین کے ہی سر ہے ۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں بھاری جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن نے بانی تنظیم آیت اللہ آغاسید یوسف الموسوی الصفوی کو اُن کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف اپنے دور کی ایک منفرد روحانی شخصیت تھی جس نے اپنے آباءو اجدا کے تبلیغی مشن میں ایک نئی روح پھونکے کیلئے انجمن شرعی شیعیان کا قیام عمل میں لایا۔ موصوف نے اپنے تقویٰ شعار اور درویشانہ کردار و عمل سے شیعیان کشمیر کو احیائے دین و شریعت کے جذبہ سے سرشار کیا۔ عوام میں دینی بیداری کی مہم چلائی اور اطفال قوم کو ابتدائی دینی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے وادی کے طول و عرض میں دینی مدارس قائم کئے۔وادی میں اولین شرعی عدالت قائم کرکے دیگر دینی تنظیموں کو بھی ایسی عدالتیں قائم کرنے کی ترغیب دی۔ حکومت کے غیر شرعی قوانین کے خلاف آواز بلند کرنے والی سب سے نمایاں آواز کے طور پر بانی انجمن شرعی شیعیان کو تادیر یاد کیا جائے گا۔ اس موقعہ پر آغا سید حسن نے وادی میں شہری ہلاکتوں کے پے در پے سانحات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی نسل کشی کی پالیسی کے تناظر میں بھارتی فورسز کو جنگجووں اور عام شہریوں میں کوئی فرق محسوس نہیں ہوتا۔ گزشتہ 28 سال کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے کشمیریوں کی بڑی تعداد عام شہریوں کی ہے جو اس حقیقت کی عکاس ہے کہ کشمیریوں کی نسلی صفائی بھارت کی کشمیر پالیسی کا اہم ترین حصہ ہے، تاکہ ریاست کی مونوگرافی تبدیل کرکے حق خود ارادیت کی تحریک کا قلع قمع کیا جاسکے۔ بانی انجمن شرعی شیعیان آیت اللہ آغا سید یوسف الموسوی الصفویؒ کو تنظیم کے اہتمام سے منعقد ہونے والے تمام جمعہ مراکز پر بھی ائمہ جمعہ نے خراج عقیدت نذر کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲