22 جولائی 2017 - 14:02
علامہ ساجد نقوی سے عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں جے یو آئی (ف) کے وفد کی ملاقات

دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور ملک میں دہشتگردی کی تازہ لہر خصوصاً ہزارہ برادری کے افراد کی شہادتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ریاستی اداروں سے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرنیکی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں جمعیت علمائے اسلام کے اعلٰی سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور ملک میں دہشتگردی کی تازہ لہر خصوصاً ہزارہ برادری کے افراد کی شہادتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ریاستی اداروں سے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے دینی قوتوں نے ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک متحدہ مجلس عمل کی بحالی چاہتی ہے اور اس حوالے سے انہوں نے کاوشیں بھی کیں۔ اس سے ملکی سیاست میں بہتری اور اتحاد امت کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں ایم ایم اے کی بحالی ضروری ہے، جس کیلئے جے یو آئی کا وفد سیاسی مذہبی قائدین سے ملاقاتیں کر رہا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ جلد ایم ایم اے کی جماعتوں کا اجلاس بلایا جائے، تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔

.....

/169