اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ فرانس پریس نے جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں گروپ بیس کے سربراہی اجلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سنیچر کو پرتشدد مظاہروں کے درمیان ہونے والے اس اجلاس میں امریکی صدر ٹرمپ، تجارت اور ماحولیات کے بارے میں اپنی پالیسیوں پر اڑے رہنے کی کوشش کریں گے-
رپورٹ کے مطابق پیرس معاہدے سے نکلنے کے باوجود گروپ بیس اجلاس کے اختتامی بیان میں تمام ملکوں کی جانب سے اس معاہدے کی پابندی پر تاکید کی جائے گی۔
فرانس پریس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس اجلاس میں دنیا میں آزاد تجارت کے مقابلے میں ٹرمپ کی حمایت یافتہ پالیسیوں کی کامیابی کی صورت حال بھی سامنے آجائے گی۔
یورپی کمیشن کے سربراہ جان کلاؤڈ یونکر نے جرمنی کے زیڈ ڈی ایف ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ تجارتی مسائل کے بارے میں گفتگو کے سلسلے میں پرامید نہیں ہیں۔
ہیمبرگ میں گروپ بیس کے اجلاس کے موقع پر مخالفین کے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے- ہیمبرگ میں احتجاجی مظاہروں اور گاڑیوں کو نذرآتش کرنے کی لہر آئی ہوئی ہے جس کے باعث امریکی صدر کی بیوی ہیمبرگ میں اپنے کچھ پروگرام ملتوی کرنے پر مجبور ہوگئی ہیں۔
........
/169