31 مئی 2017 - 16:27
فوجی سربراہ کا بیان کشمیر میں وسیع ترین قتل عام کے ارادوں کاعکاس: آغا حسن

بھارت کے فوجی سربراہ کے بیان پر شدید رد عمل کااظہار کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ فوجی سربراہ کے شرانگیز تاثرات کشمیر میں بھارت کے خونی ارادوں اور وسیع ترین قتل عام کی خواہش کامنہ بولتا ثبوت ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے شہید سبزار احمد اور اُن کے ہم مشن شہید ساتھیوں کوعقیدت کا خراج نذر کرنے کیلئے متحدہ مزاحمتی قیادت کے ترال چلو پروگرام پر حکومتی قدغن کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حریت پسند عساکر کے ساتھ قوم کی محبت اور عقیدت کو حکومتی حربے متزلزل نہیں کرسکتے۔ حکومتی اقدام کوکھلی بوکھلاہٹ سے تعبیر کرتے ہوئے آغا حسن نے کہاکہ حریت پسندوں کے جلوس جنازوں اور خراج عقیدت کے پروگراموں میں لوگوں کی وسیع پیمانے پر شرکت سے عالمی سطح پر کشمیر سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوں کی قلعی کھل رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت ہند شہدائے کشمیر کے جلوس جنازوں میں عوام کی شرکت کوروکنے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے آمادہ نظر آرہی ہے۔ بھارت کے فوجی سربراہ کے بیان پر شدید رد عمل کااظہار کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ فوجی سربراہ کے شرانگیز تاثرات کشمیر میں بھارت کے خونی ارادوں اور وسیع ترین قتل عام کی خواہش کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ فوجی سربراہ کے بیان سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ حکومت ہند کشمیریوں کے قتل عام پر کمر کس چکی ہے اور قتل عام کاجواز پیدا کرنے کیلئے کشمیری نوجوانوں کوظلم وبربریت کا نشانہ بناکر انہیں عسکریت کی طرف راغب کرنے کی پالیسی اپنائی جارہی ہے۔ آسیہ اور نیلوفر کو اُن کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ بھارتی فوج کے اس گھناونے جنگی جرم کی ابھی تک کوئی سنجیدہ تحقیقات عمل میں نہ لاکرحکومت ہند اپنی بے لگام فورسز کو قانون کے شکنجے سے تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲