اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے شہید آغا سید مہدی الموسوی الصفوی کو اُن کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید موصوف کے خدمت خلق کے مشن کو جاری و ساری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شہید موصوف کی برسی کے سلسلے میں امام باڑہ میرگنڈ بڈگام میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس عزا سے پہلے شہید کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغاسید حسن الموسوی الصفوی شہید موصوف کی گرانقدر خدمات اور جرائتِ کردار و عمل کو گلہائے عقیدت نذر کئے۔ انہوں نے کہا کہ شہید موصوف مفلوک الحال اور مظلوم افراد کی امیدوں کے مرکز تھے۔ اُن کی جدائی سے مفلوک الحال طبقے کو جو صدمہ پہنچا اس کی تلخیاں ابھی تک باقی ہیں۔ اس موقعہ پر آغا صاحب نے تنازعہ کشمیر کے حل کی ناگزیریت کے حوالے سے عالمی سطح پر ابھرنے والے آوازوں کوکشمیری مظلوم قوم کی بے پناہ قربانیوں اور بھارت کے روزافزون انسانیت سوز مظالم کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے دلی میں دیئے گئے بیان کو حق و حقیقت کی بے لوس ترجمانی سے تعبیر کیا۔ آغا صاحب نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری رجب طیب اردگان کے تنازعہ کشمیر سے متعلق مبنی بر حقیقت احساسات سے ترغیب پاکر اس دیرینہ سیاسی تنازعہ کے مستقل حل کیلئے اپنی آواز بلند کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲