اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے صدر نے وزیراعظم پاکستان کے نام ایک پیغام میں دہشتگردوں کی جانب سے ایرانی سرحدی محافظوں پر حملے کے لئے پاکستانی سرزمین کے غلط استعمال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے تعاون کریں.
تفصیلات کے مطابق، اپنے پیغام میں صدر 'حسن روحانی' نے وزیراعظم 'محمد نواز شریف' سے مطالبہ کیا کہ وہ پاک، ایران برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مضبوط کرنے کے تناظر میں میرجاوہ حملے میں ملوث عناصر کی شناخت اور ان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے خصوصی احکامات دیں.
روحانی نے دہشتگردوں کی جانب سے پاکستانی سرزمین کا مسلسل غلط استعمال کرنے اور مشترکہ سرحد پر ایرانی اہلکاروں پر حملوں پر شدید افسوس کا اظہار کیا.
انہوں نے کہا کہ ایران ہمیشہ سے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور مضبوط سلامتی کے قیام کا خواہاں ہے اس برادر ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کی توسیع کو اپنی ترجیح سمجھتا ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سرزمین کو ہرگز کسی ہمسایہ ملک بشمول پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کیا جاتا مگر بدقسمتی سے شرپسند عناصر کے خلاف موثر اقدامات نہ ہونے سے ایرانی سرحدی اہلکاروں اور بے گناہ افراد پر حملوں کے واقعات ہوتے ہیں.
ایرانی صدر نے بتایا کہ آج 'پراکسی وار' میں ملوث بعض ممالک کی وجہ سے عالم اسلام کی وحدت اور یکجہتی کو نقصان پہنچ رہا ہے اور ایسے ممالک دہشتگردی اور انتہاپسندی کی پشت پناہی کرکے خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کی جگہ پر تشدد، غربت اور عدم استحکام کو ہوا دے رہے ہیں.
انہوں نے بتایا کہ ہمیں توقع ہے کہ حکومت پاکستان دوطرفہ قریبی تعلقات کے پیش نظر دہشتگردی کے واقعے میں ملوث عناصر کی شناخت کرتے ہوئے ان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں تعاون کرے گی.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲