اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کرم ایجنسی بم دھماکے کے جاں بحق 14 افراد کو سپرد خاک کردیا گیا۔ دھماکے میں ایک خاندان کے 4، دوسرے خاندان کے 3 اور دو خاندانوں کے دو دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ پاراچنار میں دھماکے کے خلاف 3 روزہ سوگ منایا جارہا ہے۔ گذشتہ روز کرم ایجنسی کے علاقہ گاودر میں گاڑی پر ہونے والے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 4 بچوں اور 5 خواتین سمیت 14 افراد جان بحق ہوگئے تھے، جنہیں اپنے علاقے گاودر کے قبرستانوں میں آہ و سسکیوں میں سپردخاک کیا گیا۔ اس افسوس ناک واقعے کے خلاف پاراچنار میں 3 روزہ سوگ منایا جارہا ہے اور مرکزی امام بارگاہ میں ختم قرآن کا بھی اہتمام کیا گیا۔ گذشتہ روز گاڑی پر ہونے والے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، جن میں 28 سالہ ڈرائیور ثمین علی، 35 سالہ بھابھی وسیلہ، 9 سالہ بھتیجی ثمینہ اور 25 سالہ چچا ذاد قائد حسین شامل ہیں جبکہ دوسرے خاندان کے 3 افراد جان بحق ہوگئے، جن میں 65 سالہ مراد علی، بیٹی بخت نساء اور 6 ماہ کی کمسن نواسی مریم بی بی شامل ہیں۔ اسی طرح دو خاندانوں کے دو دو افراد دھماکے میں جان بحق ہوگئے۔ وسطی کرم کا علاقہ گاودر ایک پسماندہ علاقہ ہے اور علاقے کے قبائلی عمائدین کا کہنا ہے کہ 50 سال سے وہ روڈ کی پختگی کا مطالبہ کررہے ہیں مگر روڈ کی پختگی کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہورہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲