اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ حرم امام موسی کاظم علیہ السلام میں آج اس وقت بھگدڑ مچی جب حرم میں خودکش حملہ آور کے گھس جانے کا شوشہ چھوڑا گیا، اس بھگدڑ میں ایک زائر جانبحق اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔
یہ حادثہ امام علیہ السلام کی شب شہادت کو اس وقت پیش آیا جب لوگوں نے سنا کہ حرم میں خودکش حملہ آور داخل ہو گیا ہے اس جھوٹی خبر کے سنتے ہی لوگوں نے ادھر ادھر بھاگنا شروع کر دیا۔
عراق کے وزیر صحت احمد الردینی نے بتایا ہے کہ اس حادثہ میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔
بعض ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد ۲۵۰ بتائی گئی ہے۔
عراق کے ایک پولیس افسر نے اس حادثہ کی جزئیات بیان کرتے ہوئے کہا: اتوار کی صبح کو ایک زائر کا بیٹا گم ہو گیا اور جب اس کو تلاش کرنے سے ناامید ہو گیا تو اس نے اپنے کپڑے پھاڑنا شروع کر دئے کہ جسے دیکھ کر بعض زائرین یہ سمجھے کہ وہ خودکش حملہ آور ہے اور اس کے بعد افراتفری مچ گئی۔
پولیس افسر نے مزید بتایا کہ اس افراتفری کے دوران بھگدڑ مچ گئی ہزاروں لوگ باہر بھاگنے لگے جس کی وجہ سے کئی زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دسیوں عورتیں اور بچے اس حادثہ میں زخمی ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امام ہفتم کے یوم شہادت پر لاکھوں زائرین کاظمین میں حاضر ہوئے اور عزاداری کا انعقاد کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲