اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے پدگام پلوامہ میں حریت پسند عوام پر بھارتی فورسز کے جبرو قہر کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ میں شہید ہوئے افراد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ عسکری تصادم آرائیوں کے دوران حریت پسند عساکر اور تحریک حق خود ارادیت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی والے فوجی سربراہ کے بیان کو کشمیری عوام کے خلاف اعلان جنگ سے تعبیر کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ شمالی کشمیر کے عوام نے ایسے مواقع پر اپنی تحریکی غیرت اور بے جگری کا مظاہرہ کرکے ایک شہید پرور قوم ہونے کا بین ثبوت پیش کیا۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ مذاکرات کی ناگزیریت کو صرف نظر کرنے بھارت کی دارو گیر والی پالیسی خطے میں قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رُکاوٹ ہے۔ آغا صاحب نے کہا کہ بھارت گزشتہ 7 دہائیوں سے کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے ہر سطح پر مصروف عمل ہے۔ بھارتی جبرو تشدد جس قدر شدت اختیار کرتا رہا، تحریک اُس قدر اُبھرتی رہی۔ مسلط قوت جبروتشدد کی تاریخ میں نئے ابواب کا اضافہ کر سکتی ہے، لیکن کشمیریوں کی تحریک حق خود ارادیت کا خاتمہ بھارت کے بس کی بات نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲