9 جنوری 2017 - 19:40
پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم اور افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو، کے تعزیتی پیغامات

پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم اور افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو نے آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر ایران کی حکومت اور عوامی کو دلی تعزیت پیش کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں آ یت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی ناگہانی موت کو، ایران کی عظیم قوم اور حکومت کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ میاں نواز شریف کے پیغام میں آیا ہے کہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے اقوام عالم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے انتھک محنت کی۔

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ وہ ایک ارب سے زائد ہندوستانیوں کی جانب سے، ایران کے عوام کو دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔
ہندوستانی ذرائع ابلاغ نے بھی آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال کی خبرکو شہ سرخی کے طور پر نشر کیا ہے۔ این ڈی ٹی وی نے آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے دور صدارت کو ایران میں تعمیر نو اور عرب ملکوں کے ساتھ تعلقات کی بہتری کا دور قرار دیا۔
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کو افغان مجاہدین اور مہاجرین کا حامی قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا اسے کبھی پر نہیں کیا جاسکتا۔
افغانستان کی اسلامی تحریک نے بھی ایران کے سابق صدر آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر ایران کی حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی مظلوم فلسطینی عوام کے بہت بڑے حامی تھے اور عالم اسلام کے خلاف صیہونی سازشوں کے بارے میں مسلسل دنیا کو خبردار کر تے رہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169