25 نومبر 2016 - 15:04
امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں 16افراد ہلاک و زخمی

امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں تین افراد ہلاک اور تیرہ دیگر زخمی ہو گئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ ریاست ورجینیا کے شہر ریچمنڈ میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا- ریاست کنٹاکی کے شہر لوئیزویل میں بھی فائرنگ کے واقعے میں دو افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے- ریاست کانزاس کے شہر ویچیتا میں بھی تین افراد زخمی ہو گئے کہ جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے-

امریکی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ ریاست پنسلوانیا کے شہر جونیاتا میں بھی فائرنگ کے واقعے میں تین افراد زخمی ہو گئے ہیں- ریاست ٹینیسی کے شہر فرائزر اور ممفیس میں بھی پولیس کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے- اس رپورٹ کے مطابق ایک دو سالہ بچہ بھی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈلفیا میں فائرنگ سے زخمی ہو گیا جس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے-

رپورٹوں کے مطابق رواں سال دو ہزار سولہ کے آغاز سے اب تک پورے امریکہ میں فائرنگ کے پچاس ہزار سے زائد واقعات رونما ہوئے ہیں- اعداد و شمار کے مطابق، ان واقعات میں بارہ ہزار پانچ سو افراد ہلاک اور تقریبا چھبیس ہزار زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی اور ہلاک ہونے والوں میں پانچ سو اناسی بچے بھی شامل ہیں جن کی عمریں گیارہ سال سے کم تھی۔ امریکہ میں فائرنگ کے واقعات کو رجسٹر کرنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق، گذشتہ ایک سال کے دوران تین سو بتیس قاتلانہ حملے کئے گئے ہیں اور دو سو اسی واقعات میں پولیس اہلکار ملوث رہے ہیں۔

یاد رہے کہ وسیع پیمانے پر اسلحے کی فراہمی اور قانون ساز اداروں کی اسلحہ ساز کمپنیوں سے وابستگی نے امریکہ میں گن کلچر کو بڑھاوا دیا ہے۔ ایوری ٹاؤن فار گن سیفٹی نامی امریکی تنظیم کے مطابق ملک میں فائرنگ کے نتیجے میں روزانہ اکیانوے افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169