24 نومبر 2016 - 19:28
علامہ ناصر عباس جعفری کا بھارتی فوج کی گولہ باری میں سات افراد کی شہادت پر غم و غصے کا اظہار

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جانا چاہیے ۔کسی بھی ملک کے عام شہریوں پر اس طرح گولہ باری عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد( )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان کے علاقے وادی نیلم میں بھارتی فوج کی گولہ باری سے سات افراد کی شہادت پر گہرے غم و غصے کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی خود مختار ریاست پر اس طرح کی جارحیت کھلی جنگ ہے۔ بھارت خطے کی صورتحال کو سنگین بنانے پر تلاہوا ہے جس کے لیے اسے انتہائی بھیانک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا بھارت کی تکلیف کا اصل سبب پاک چائنا اقتصادی راہدری ہے جس کے لیے وہ میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈہ سمیت مختلف محاذوں پر اپنے مذموم عزائم کو کامیاب بنانے کی کوشش میں مگن ہے۔گوادر پورٹ کی فعالی کے بعد نریندر مودی کی تکلیف میں اضافہ ہو گیا ہے۔بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات اور کشمیر میں عسکری جارحیت کر کے بھارت اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو گا۔ہندوستان اگر یہ سمجھتا ہے کہ وہ وہ آزادکشمیر کے حالات دانستہ خراب کر کے اقتصادی راہدری کی راہ میں روڑے اٹکا لے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جانا چاہیے ۔کسی بھی ملک کے عام شہریوں پر اس طرح گولہ باری عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔عالمی طاقتوں کو تماش بینی کا کردار ترک کر کے حالات کی سنگینی کا درک کرنا ہو گا۔ پاک بھارت کے مابین کوئی بھی ناخوشگوار صورتحال کے اثرات محض انہی دو ملکوں تک محدود نہیں رہیں گے۔اقوام عالم کو چاہیے کہ وہ بھارت کی جارحیت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس متنبہ کرے کہ بھارت دوبارہ ایسی غلطی نہ دوہرائے جس کا خیمازہ بھارت سمیت پورے خطے کو بھگتنا پڑے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲