23 نومبر 2016 - 11:07
136 روزہ نظر بندی کے بعد آغا حسن کومجلس اربعین میں شرکت کی اجازت

آغا صاحب نے عوام سے تاکید کی کہ وہ مزاحمتی کلینڈر پر من و عن عمل کریں اور اس حقیقت کا ادراک کریں کہ مزاحمت کے تسلسل کے سوا حصول مقاصد کا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ اربعین حسینیؑ کے موقعہ پر جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی بھر میں خصوصی مجالس اور جلوس ہائے عزا کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی نوعیت کے جلوس ہائے اربعین انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں آستانہ شریف بڈگام سے مرکزی امام باڑہ بڈگام اور زیلدار محلہ سعدہ کدل سرینگر سے قدیمی امام باڑہ حسن آباد تک برآمد کئے گئے جن میں دسیوں ہزار عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کو 136 روزہ خانہ نظر بندی کے بعد روز اربعین کے پیش نظر مرکزی امام باڑہ بڈگام میں نماز جماعت کی پیشوائی کے فرائض انجام دینے اور منعقدہ مجلس ؑاربعین میں شرکت کی اجازت دی گئی جس دوران آغا صاحب نے مجلس حسینیؑ سے خطاب کرتے ہوئے روز اربعین کی تاریخی اہمیت بیان کی۔اس موقعہ پر آغا صاحب نے کشمیری عوام کے جذبہ حریت اور شہداءکے مشن کے ساتھ اظہار وفا کے شاندار مظاہرے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ساڑھے چار ماہ سے جاری ہمہ گیر احتجاجی تحریک کے شہداءکو خراج عقیدت نذر کیا اور ہزاروں زخمیوں کی شفایابی کیلئے دعا کی۔ آغا صاحب نے عوام سے تاکید کی کہ وہ مزاحمتی کلینڈر پر من و عن عمل کریں اور اس حقیقت کا ادراک کریں کہ مزاحمت کے تسلسل کے سوا حصول مقاصد کا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ ہند پاک سرحد اور LOC پر جاری کشیدگی اور خونین واقعات کے بیچوں بیچ پاکستانی مشیر خارجہ جناب سرتاج عزیز کی بھارت میں منعقد ہونے والی ایشین ہاٹ کانفرنس میں شرکت کی خبروں کو خطے میں امن وا ستحکام اور افہام و تفہیم سے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت پاکستان کی سنجیدگی اور خلوص نیت کی عکاسی سے تعبیر کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ دو جوہری ہمسایوں کے مابین کشیدگی کا جاری رہنا خطے کیلئے شدید خطرات کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔ اسلئے دونوں ملکوں کو مذید وقت ضائع کئے بغیر باہمی تنازعات کو حل کرنے کیلئے معطل شدہ مذاکراتی عمل کو وہیں سے شروع کرنے کے اقدامات کرنا چاہیے جہاں اٹل بہاری واجپائی کے دورِ حکومت کے بعد یہ عمل منقطع ہوگیا تھا۔ یوم اربعین کے موقعہ پر کربلائے معلی میں دسیوں ملین زائرین کے اجتماع کو تکفیری دہشتگردی اور اس کے فکری سرپرستوں کیلئے واضح پیغام قرار دیتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ شام اور عراق میں صہیونی عزائم کی تکمیل کرنے والے دہشت گردوں کا تیزی سے ہورہا خاتمہ عالم اسلام کی امن و سلامتی کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲