اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روس کے فیڈرل سیکورٹی ادارے کے اعلان کے مطابق گرفتار شدہ افراد ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ شہروں کے خریداری کے مراکز پر بیک وقت حملہ کرکے سیکڑوں لوگوں کو ہلاک کرنے کے درپے تھے۔ سینٹ پیٹرزبرگ کی مقامی میڈیا کے مطابق گرفتار شدہ سات افراد نے اس شہر کے دو شاپنگ مال پر حملہ کرنے کی پلاننگ کر رکھی تھی۔ روس کے سیکورٹی حکام کے مطابق ان افراد کا تعلق وسطی ایشیا کے ممالک سے ہے اور انہیں جدید ترین فوجی ٹریننگ فراہم کی گئی ہے۔ گرفتاری کے موقع پر بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد اور ٹیلی کمیونیکیشن کے وسائل برآمد کئے گئے جو حملوں میں استعمال ہونے تھے۔ واضح رہے کہ ایک سال قبل تیرہ نومبر دو ہزار پندرہ کو دہشت گرد عناصر نے پیرس کے مختلف علاقوں پر حملہ کرکے ایک سو تیس افراد کو ہلاک جبکہ تین سو ستر کو زخمی کردیا تھا۔ ان حملوں کی ذمہ داری داعش دہشت گردوں نے قبول کرلی تھی۔ فرانس میں اس واقعے کی برسی کے موقع پر ملک گیر پروگرام منعقد کئے گئے تھے۔ اس واقعے کو گذشتہ بارہ سال میں یورپی یونین میں دہشت گردی کا سب سے بڑا واقعہ قرار دیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲