اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق شدید سیکورٹی انتظامات کے باوجود تقریبا دس ہزار امریکی شہریوں نے نیویارک کے ٹرمپ اسکوائر اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر مارچ کیا اور ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر صدارتی انتخابات کے نتائج کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہروں کا دائرہ امریکہ کے چھوٹے بڑے شہروں تک پھیل گیا
لاس اینجلس سمیت مغربی امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے مختلف شہروں میں سیکڑوں افراد کی گرفتاری کے باوجود مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا اور لوگ انتخابی نتائج پر اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے رہے۔ مظاہرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کو متعصب ، نسل پرست اور حقوق نسواں کا مجرم قرار دیا۔
ایک ایسے وقت میں جب ڈونلڈ ٹرمپ اور ری پبلکن پارٹی پرامن طریقے سے انتقال اقتدار کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ میامی، ایٹلانٹا اور پورٹ لینڈ سے نکل کر امریکہ کے متعدد چھوٹے بڑے شہروں تک پھیل گیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ مظاہروں کا یہ سلسلہ جنوری دوہزار سترہ تک جاری رہے گا جب ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
امریکی پرچم پھر نذر آتش، شاہراہیں بلاک
ایٹلانٹا میں ہونے والے مظاہرے میں شریک لوگوں نے ایک بار پھر امریکی پرچم جلائے جبکہ میامی میں لوگوں نے مرکزی شاہراہ کو کئی گھنٹے تک بند کیے رکھا۔
ٹرمپ کی حلف برداری کے موقع پر ملین مارچ کا اعلان
مظاہروں کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ وال اسٹریٹ کے خلاف مظاہروں کی طرز پر نومنتخب امریکی صدر کے خلاف طویل مظاہروں کا سلسلہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ آنسر نامی تحریک کے کنوینر والٹر اسمولارک نے ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے موقع پر واشنگٹن میں ملین مارچ کا اعلان کردیا ہے۔
برلن میں ٹرمپ کے خلاف مظاہرے
ادھر جرمنی کے دارالحکومت برلن میں بھی ہزاروں افراد نے امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی اور ان کے انتہا پسندانہ بیانات کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔ مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ ہمیں مسلمانوں، تارکین اور خواتین کے بارے میں نومنتخب امریکی صدر کے نظریات کے مقابلے میں ڈٹ جانا چاہیے۔
ہلیری کلنٹن نے ایف بی آئی کو اپنی شکست کا ذمہ دار قرار دے دیا
دوسری جانب ڈیموکریٹ پارٹی کی ناکام صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے ایف بی آئی کے سربراہ جیمز کومے کو اپنی شکست کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی کے سربراہ نے ایمیل اسکینڈل کی مزید تحقیقات کا اعلان کرکے ان کی ناکامی کا راستہ ہموار کیا ہے۔ ہلیری کلنٹن نے کہا کہ کانگریس کے نام جیمز کومے کے ارسال کردہ خط نے عوام میں شکوک وشبہات پیدا کیے اور اس کا انتخابات پر بھی اثر پڑا۔ ہلیری کلنٹن نے کہا کہ ان کے رقیب ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع سے اپنے حق میں بھرپور فائد اٹھایا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲