اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران میں برطانیہ کے نئے سفیر نکولس ھوپٹن نے پیر کو تہران میں صدر حسن روحانی سے ملاقات اور انہیں اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ اس موقع پر صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ دنیا کے دو اہم ملکوں کی حثیت سے ایران اور برطانیہ کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ صدر نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں کے دوران ایران اور برطانیہ کے تعلقات میں فروغ آیا ہے اور موجودہ گنجائشوں اور توانائیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تعلقات کے فروغ کا عمل تیز کیا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کے بعد ایران اور برطانیہ ضائع ہونے والے مواقع کا ازالہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صدر نے ایران اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی اور سیاسی تعلقات کی سطح میں اضافے اور بینکاری تعلقات کی مکمل بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے تمام فریقوں کی جانب سے جامع ایٹمی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے اپنے وعدے پورے کر دیئے ہیں اور مقابل فریقوں کو ایسا ہی کرنا چاہیے۔ انھوں نے ایٹمی مذاکرات میں لندن کی شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سات ممالک کی کوششوں سے ایک اہم معاہدہ حاصل ہوا ہے اور یہ معاہدہ اس پیغام کا حامل ہے کہ اختلافات کو سفارتی طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے۔
ایران میں برطانیہ کے نئے سفیر نکولس ہوپٹن نے صدر حسن روحانی کو اپنی سفارتی اسناد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور برطانیہ کے تعلقات تیزی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی کپمنیاں اور بینک ایرانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں اور دونوں ملکوں کے مرکزی بینک بہت جلد مذاکرات کا آغاز کریں گے۔
برطانیہ کے نئے سفیر نے علاقائی مسائل کے بارے میں ایران کے ساتھ تعاون کو اہم بتایا اور امید ظاہر کی کہ علاقائی مسائل کے بارے میں ایران کے ساتھ تعاون اور صلاح و مشورے کا عمل بھی فروغ پائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲