اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مساجد کے ثقافتی اور آرٹ اداروں کے مرکزی دفتر کی نگران زہرا بیگدلی نے گرگان میں قرآنی مقابلے ’’مدھامتان فیسٹیول‘‘ میں کہا کہ ہم ظہور امام زمانہ عج سے جتنا زیادہ نزدیک ہوتے جا رہے ہیں، لوگوں کے اعتقادات اور ایمان میں اتنا ہی تزلزل اور شک پیدا ہوتا جا رہا ہے اور دین کے دشمن مختلف بہانوں اور طریقوں سے ہمارے خلاف صف آراء ہو چکے ہیں اور ان کی لگائی ہوئی آگ روز بہ روز پھیلتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کا کام یہی ہے کہ وہ لوگوں کے دلوں میں شک و تردید پیدا کر کے ان کے عقائد اور ایمان کو کمزور اور بے اثر کر دے۔
خاندان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ہم کہتے ہیں کہ خاندان معاشرے کی بنیادی اور مرکزی اکائی ہے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ معاشرہ اسی خاندانی اکائی سے تشکیل پاتا ہے۔ آج ہم دیکھتے ہیں کہ دشمن اپنے باطل نظریات اور عقائد کو اس انداز میں پھیلا رہا ہے کہ ایرانی معاشرے میں موجود خاندانوں کے نظریات اور افکار بدلتے جا رہے ہیں اور ان پر ان باطل نظریات کے اثرات بڑھتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خاندان کی اصلاح کرنی چاہیے تا کہ معاشرے کی اصلاح ہو سکے اور اس کے لیے قرآن اور مسجد بہترین ہتھیار ہیں۔
.......
/169