19 اکتوبر 2016 - 18:37
لاریجانی: شام کے بارے میں لوزان اجلاس بے نتیجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلمینٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے شام کے بارے میں لوزان اجلاس کو بے نتیجہ قرار دیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پارلمینٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے پیر کے روز جمہوریہ چک کی سینٹ کے سربراہ " پرمیسل سوبوتکا" کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ایران پہلے سے ہی شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کئے جانے پر یقین رکھتا ہے لیکن عالمی طاقتیں اور ان کے علاقائی اتحادی اس بحران کے حل کو سیاسی طریقے سے حل کئے جانے پر یقین نہیں رکھتے اور یہی امر گذشتہ مذاکرات اور لوزان مذاکرات کی بھی ناکامی کا سبب بنا ہے-ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دہشت گردی کے خلاف ٹھوس مقابلے کے لئے اس مسئلے کی ثقافتی بنیادوں پر توجہ دینا ضروری ہے کہا کہ دہشت گرد گروہوں سے موثر مقابلے کے لئے ان کی جڑوں کو اکھاڑ پھینکنا بھی ضروری ہے-ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک، شام کی قانونی حکومت کو گرانے کے لئے اس ملک میں دہشت گرد گروہوں کو وجود میں لائے لیکن آج دہشت گردی صرف مشرق وسطی کے علاقے تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ اس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے- جمہوریہ چک کے سینٹ کے سربراہ پرمیسل سوبوتکا نے بھی اس ملاقات میں ایران کے بارے میں مغربی ذرائع ابلاغ کی بہت سی خبروں کو بے بنیاد اور غلط بتایا اور کہا کہ مشرق وسطی کے مرکز میں ایران اور اسی طرح یورپ کے مرکز میں جمہوریہ چک ایسی گنجائشوں کے حامل ملک ہیں جو دونوں ملکوں کی ، علاقے کے دیگر ملکوں کی منڈیوں تک رسائی کو ممکن بنا سکتے ہیں- سوبوتکا نے ایران اور جمہوریہ چک کے درمیان ہونے والے معاہدوں کے عملی ہونے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور پراگ کے درمیان براہ راست پرواز کا شروع کیا جانا دونوں ملکوں کے مفادات کے دائرے میں اقتصادی تعلقات میں توسیع پر اچھے اثرات مرتب کرے گا-

.......

/169