17 اکتوبر 2016 - 20:06
انجمن شرعی شیعیان کی کور کمیٹی برائے محرم الحرام کا اجلاس

جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کی کور کمیٹی برائے محرم الحرام کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر//جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کی کور کمیٹی برائے محرم الحرام کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عشرہ محرم کی تقریبات کے پُرامن انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باقی ماندہ محرم تقریبات بالخصوص 25 محرم الحرام کو یوم شہادت حضرت امام زین العابدینؑ کی مناسبت سے شالیمار سرینگر میں برآمد ہونے والے عظیم الشان جلوس ذوالجناح کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں قیام حسینؑ کی تشہیر و تحفظ کی راہ میں امام علیؑ ابن حسینؑ کے کلیدی کردار کو گلہائے عقیدت نذر کرتے ہوئے کہا گیا کہ امام سجادؑ نے اس راہ میں جو جان سوز مصائب برداشت کئے انہی کی بدولت آج دنیا میں تحریک عاشورا زندہ اور تابندہ ہے۔ امام سجادؑ کا کردار و عمل تاریخ کربلا کا وہ درخشندہ باب ہے جو پوری کتاب کربلا کا ماحصل ہے۔ عاشورا حسینیؑ اسلام کی حیات ابدی اور امام سجادؑ کا کردار عاشورہ حسینیؑ کی حیات دائمی کا نام ہے۔ ان کی ذات قدسیہ اور کردار و عمل کو خراج عقیدت نذر کرنے کیلئے ہمیں یوم عاشورا جیسے جوش و جذبے کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اجلاس میں طے پایا کہ 25 محرم الحرام کو شالیمار سرینگر میں جلوس ذوالجناح حسب عمل قدیم اپنی روایتی شان و شوکت کے ساتھ مقررہ مقام و وقت پر برآمد کیا جائے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲