14 اکتوبر 2016 - 10:29
شامی فوج کا حلب میں محصور دہشتگردوں کو پیغام

شامی فوج نے پمفلٹ گرا کر حلب شہر کے مشرقی محلوں میں موجود دہشت گردوں سے کہا ہے کہ وہ ان علاقوں سے عام شہریوں کو نکلنے سے نہ روکیں اور انہیں چھوڑ دیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے اپنے بیان میں، جو بدھ سے پمفلٹ کی شکل میں طیاروں کے ذریعے دہشت گردوں کے لئے گرایا جا رہا ہے، کہا ہے کہ یہ مردانگی نہیں ہے کہ تم عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرو اور ان کے پیچھے چھپ جاؤ-

شامی فوج نے دہشت گردوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمہیں عام شہریوں کو رہا کرنا ہی ہو گا اور ہم ان کا استقبال کرنے اور ان کے لئے کیمپ فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں- شامی فوج نے دہشت گردوں سے کہا کہ تمہارے محاصرے میں زندگی کاٹ رہے عام شہری ہمارے ہی بھائی ہیں اور ہمارے ہی کنبے سے تعلق رکھتے ہیں اس لئے ہم ان کی ہر طرح کی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں-

واضح رہے کہ شامی فوج نے حلب کے مشرقی محلوں میں دہشت گردوں کا محاصرہ کر لیا ہے اور دہشت گرد عناصر فوج کے حملوں سے بچنے کے لئے ان محلوں میں موجود عام شہریوں کو وہاں سے باہرنکلنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں بلکہ وہ انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169