11 اکتوبر 2016 - 07:28
صدر والادیمیر پوتن سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے

روس کے صدر والادیمیر پوتن سرکاری دورے پر ترکی کے شہر استنبول پہنچ گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر استنبول میں اپنے قیام کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات اور گفتگو کریں گے۔ روسی ایوان صدر کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے بتایا ہے کہ صدر پوتن اور صدر اردوغان کے درمیان ملاقات میں شام کے معاملے پر گفتگو سر فہرست رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ صدر ولادیمیر پوتن اور رجب طیب اردوغان اہم علاقائی اور عالمی مسائل خاص طور سے شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترکی اور روس کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کا معاملہ بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ استنبول میں ہونے والے عالمی انرجی اجلاس میں روسی صدر کی شرکت کو روس ترکی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

.......

/169