اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق کوالالامپور میں ملائیشیا کے وزاعظم محمد نجیب رزاق کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کے فروغ کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔
صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران اور ملائیشیا رواں سال کے دوران اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی شعبوں کو ترقی دیکر انہیں پابندیوں سے پہلے والی پوزیشن پر لے جانا چاہتے ہیں۔
صدر نے کہا کہ ملائیشیا سمیت تمام ایشیائی ممالک کو ایران کی خارجہ پالیسی میں خاص مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ، ملائیشیا میں ایرانیوں اور ایران میں ملائیشیائی باشندوں کے لیے سرمایہ کاری کا راستہ پوری طرح ہموار ہےاور حکومت اس کی حمایت کرتی ہے۔
صدر نے کہا کہ ایران میں سیاحت کی صنعت میں سرمایہ کاری کی بے پناہ گنجائش موجود ہے اور تہران اس شعبے میں ملائیشیا کے سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ انہوں نے ملائیشیا کے وزیراعظم کے ساتھ عالم اسلام اور خطے کے مسائل کے بارے میں بھی بات چیت کی ہے۔
صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کو اسلام دشمن طاقتوں کی جانب سے پھیلانے والے اختلافات اور دہشت گردی پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا خیال ہے کہ ہرممکن طریقے سے دہشت گردی کے سدباب کی کوشش کی جانا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169