5 اکتوبر 2016 - 15:55
روس نے شام کے علاقے طرطوس میں جدید ترین دفاعی نظام نصب کر دیا

روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کناچنکوف کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے۔ یہ جدید ترین دفاعی نظام شمال مغربی شام کے ساحلی شہر طرطوس میں نصب کیا گیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کناچنکوف کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے۔ یہ جدید ترین دفاعی نظام شمال مغربی شام کے ساحلی شہر طرطوس میں نصب کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے ایس تھری ہنڈریڈ میزائل سسٹم مکمل دفاعی مقاصد کے تحت نصب کیا گیا ہے اور اس سے کسی بھی ملک کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ سسٹم شمال مغربی شام کی حمیمیم چھاونی میں پہلے سے نصب ایس فور ہنڈریڈ میزائل سسٹم کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ کہا جارہا ہے کہ روس، مذکورہ میزائل سسٹم کے ذریعے طرطوس اور حمیمیم شہر میں اپنے فوجی اڈوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔

روس نے شام کے صوبے لاذقیہ میں درجنوں جنگی جہاز بھی تعینات کر دیئے ہیں۔ ایس تھری ہنڈریڈ سسٹم کے ذریعے بحیرہ روم کی جانب سے کیے جانے والے میزائل حملوں کو ناکام بنانے میں مدد ملے گی۔ روس نے امریکہ کی جانب سے شام کے بارے میں ماسکو واشنگٹن تعاون معطل کیے جانے کے اعلان کے محض ایک دن کے بعد شام میں جدید ترین دفاعی نظام کی تنصیب کی تصدیق کی ہے۔

.......

/169