2 اکتوبر 2016 - 12:35
حلب میں شامی فوج کی دھشتگردوں کے ٹھکانوں کی طرف اہم پیشقدمی

شامی فوج نے حلب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی جانب اہم پیشقدمی کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ لندن میں قائم شام سے متعلق انسانی حقوق کے مرکز نے، جو شامی حکومت کے مخالفین کا حامی بھی ہے، اپنی رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات حلب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر روسی طیاروں کے حملے کے بعد شامی فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی جانب اہم پیشقدمی کی ہے- انسانی حقوق کے مرکز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کے جنگی طیارے پوری رات حملے کرتے رہے- مذکورہ مرکز کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے کہا ہے کہ روسی طیاروں کے حملے نے حلب کے محلے الہلک کی جانب شامی فوج کی پیشقدمی میں مدد کی ہے- ان کا کہنا تھا کہ شامی فوج، حلب کے محلے بستان الباشا اور الصاخور پر کنٹرول کرنا چاہتی ہے تاکہ دہشت گردوں کے گرد محاصرہ پہلے سے بھی زیادہ تنگ کر دیا جائے- روسی طیاروں نے بھی حلب کے علاقوں بستان الباشا اور الصاخور میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی- اس درمیان شام کی جنگ سے متعلق خبر دینے والے نشریاتی ادارے نے بھی اعلان کیا ہے کہ شامی فوج نے حندرات کیمپ میں کندی اسپتال پر بھی اپنا کنٹرول حاصل کر لیا- خبروں میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حلب کے جنوبی علاقے شیخ سعید میں بھی شامی فوج اور دہشت گردوں کے درمیان گھمسان کی جنگ ہو رہی ہے اور شامی فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر میزائلوں اور مارٹر گولوں سے حملہ کیا ہے- اس درمیان اطلاعات ہیں کہ روس اور امریکہ کے وزرائے خارجہ نے اپنی ٹیلی فونی گفتگو میں حلب شہر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا- روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سرگئی لاوروف اور جان کیری نے اپنی ٹیلی فونی گفتگو میں شام کی صورت حال خاص طور پر حلب اور اس کے آس پاس کے علاقوں کے حالات پر بات چیت کی-  یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حلب کے مشرقی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے شامی فوج نے دس روز قبل اپنی کارروائیاں شروع کی ہیں جو پوری قوت کے ساتھ جاری ہیں-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲