اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے ہفتے کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ سانحہ منیٰ، کہ جس میں زخمیوں کو طبی امداد پہنچانے میں آل سعود کے کارندوں کی نااہلی اور سستی کی وجہ سے بڑی تعداد میں حاجی شہید ہوگئے، ایک ایسا بدنما داغ ہے جو آل سعود کے دامن سے کبھی بھی صاف نہیں ہوگا -
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے سانحہ منیٰ کے غمزدہ لواحقین کے مصائب و آلام کو کم کرنے کے تعلق سے ابتدائی ترین انسانی اصول و قوانین کی آل سعود کی طرف سے پاسداری نہ کئے جانے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ سانحہ منیٰ کے شہدا کے لواحقین کے حقوق کی بازیابی اور اس سانحے کے ذمہ داروں کو سزا دلانے کے لئے قانونی طریقے سے بین الاقوامی سطح پر ضروری اقدامات انجام دئے جائیں گے-
انہوں نے کہاکہ یمن کے نہتے شہریوں پر سعودی عرب کے ہوائی حملے، صیہونی حکومت کے ساتھ سعودی عرب کے فوجی اور سیکورٹی تعاون کا ہی نتیجہ ہیں- ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نہتے یمنی شہریوں پر اسی طرح سے وحشیانہ حملے کررہی ہے جس طرح صیہونی حکومت آزادی کی خواہاں ایک قوم پر کرتی رہتی ہے -
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے کہا کہ تکفیری دہشت گرد عناصر سعودیوں کے ایجنٹ اور سپاہی کے طور پرکام کرتے ہیں اور سعودی بھی صیہونیوں کی علاقائی پالیسیوں پر عمل درآمد کرنے والے آلہ کار کے طور پر کام کررہے ہیں - انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف سعودی حکام کے جھوٹے اور تکراری دعوے، عالم اسلام کے خلاف تسلط پسندانہ نظام کی پالیسیوں کو عملی جامہ پہنانے کے تعلق سے ایک اور گھناؤنا اقدام ہیں -
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲