13 جولائی 2016 - 12:17
بے گناہ کشمیریوں کی ہلاکت پر پاکستان کا ہندوستان سے احتجاج

اسلام آباد: پاکستان نے ہندوستانی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کی ہلاکتوں پر احتجاج اور تشویش کا اظہار کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے کو پیر کے روز دفتر خارجہ طلب کرکے برہان وانی سمیت بے گناہ کشمیریوں کی ہلاکتوں پر شدید احتجاج اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔

سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں، جبکہ ہندوستان کا غاصبانہ رویہ کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت کے مطالبے سے دستبردار نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اقوام متحدہ کی قرارداوں کی پاسداری کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کا وعدہ پورا کرے اور بے گناہ کشمیریوں کی ہلاکتوں کے ذمہ داران کے خلاف تحقیقات کی جائیں۔

اعزاز چوہدری نے پرامن احتجاج کرنے والے کشمیریوں کی ہلاکتوں کو ماورائے عدالت قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے طاقت کا استعمال بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169