22 مارچ 2016 - 12:18
ایران مشرق وسطیٰ کا پرامن ترین ملک ہے: سرحد محافظ فورس کے کمانڈر

ایران کی سرحد محافظ فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل قاسم رضائی نے منگل کو مغربی ایران کے شہر مریوان میں سرحدی چوکیوں کے معائنے کے بعد علاقے میں جاری بدامنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران، مشرق وسطی کا پر امن ترین ملک ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی سرحد محافظ فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل قاسم رضائی نے منگل کو مغربی ایران کے شہر مریوان میں سرحدی چوکیوں کے معائنے کے بعد علاقے میں جاری بدامنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران، مشرق وسطی کا پر امن ترین ملک ہے۔

انھوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات اور ملک کی مسلح افواج، سیکورٹی فورس اور پولیس اہلکاروں کی ہوشیاری کے نتیجے میں ملک میں امن و امان برقرار ہے۔ انھوں نے ایران کی سرحدوں کے محافظین کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام امن وسلامتی کو سرحدوں کی حفاظت میں سرحد محافظ فورس کے جانبازوں کی محنت اور جاں فشانی کا مرہون منت سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی عوام کو اس بات کا اچھی طرح احساس ہے کہ ہماری سرحدوں کے محافظین سخت ترین حالات میں بھی ملک کی آٹھ ہزار آٹھ سو کلو میٹر طولانی سرحدوں کی حفاظت میں کوتاہی نہیں کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران میں امن و امان کے مثالی ہونے کے نتیجے میں بہت بڑی تعداد میں غیر ملکی باشندے زیارت اور سیاحت کے لئے ایران کا سفر کرتے ہیں۔ دوسری طرف ایران کے ادارہ نقل و حمل اور صوبہ گیلان کے ذمہ دار اداروں نے اعلان کیا ہے کہ موسم بہار کے آغاز پر ہزاروں غیر ملکی سیاح گیلان پہنچے ہیں۔ ایران کے صوبہ گیلان کے ادارہ نقل وحمل کے اعلی عہدیدار فریبرز مرادی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ موسم بہار کا آغاز ہوتے ہی چند دن کے اندر، چار ہزار تین سو تینتالیس غیر ملکی سیاح صوبہ گیلان پہنچے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گیلان آنے والے سیاحوں کی اکثریت کا تعلق وسطی ایشیا کے ملکوں سے ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲