2 فروری 2016 - 05:48
شامی وزارت خارجہ: ترکی کی سرزمین سے شام پر حملہ

شام کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ترکی کی سرزمین سے شام پر گولہ باری کی گئی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ترکی کی سرزمین سے شام کے صوبے لاذقیہ پر توپ کے گولے دائے گئے ہیں جس کے نتیجے میں شام کا ایک فوجی اہلکار جاں بحق اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ شام کی وزارت خارجہ نے اپنے ملک پر اس حملے کا ذمہ دار، ترکی کی حکومت کو قرار دیا ہے۔ شامی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی کی سرزمین سے شام کے علاقے پر یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ صوبے لاذقیہ میں شامی فوجیوں کی پیش قدمی کے بعد اس صوبے میں ماضی کی نسبت خاصا امن پایا جاتا ہے۔ ادھر روس کی وزارت دفاع نے حکومت شام کے اس دعوے کی تصدیق کی ہے کہ ترکی کی سرزمین سے شام کے صوبے لاذقیہ پر گولہ باری کی گئی ہے۔ روسی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی تصاویر موجود ہیں جن سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ترکی کی سرزمین سے شام کے صوبے لاذقیہ پر توپ کے گولے داغے گئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169