14 دسمبر 2015 - 18:31
پاراچنار دھماکہ، دہشتگردی کیخلاف کرم ایجنسی میں یوم سوگ، چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند

پارا چنار میں دہشتگردی کے بعد کرم ایجنسی کی فضا سوگوار ہے۔ سیاسی اور قبائلی رہنماوں کی اپیل پر ایجنسی بھر میں تین روزہ سوگ کا آج پہلا دن ہے۔ ایجنسی بھر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق کرم ایجنسی کے صدر مقام پاراچنار میں دھماکے کے بعد ہر طرف سوگ کی فضا چھائی ہوئی ہے۔ ایجنسی بھر میں واقعے کے خلاف یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔ دہشت گردی کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 24 جبکہ زخمیوں کی تعداد 70 کے قریب ہے۔ جن میں سے کئی زخمیوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔ پاراچنار میں دہشت گردی کے بعد کرم ایجنسی کی فضا سوگوار ہے۔ سیاسی اور قبائلی رہنماوں کی اپیل پر ایجنسی بھر میں تین روزہ سوگ کا آج پہلا دن ہے۔ ایجنسی بھر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہیں۔ واقعے سے متعلق لیفٹیننٹ کرنل یاسر بشیر نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایجنسی بھر میں سکیورٹی پہلے ہی سخت تھی۔ اب مزید سخت کردی گئی ہے۔ ادھر دہشتگردانہ واقعے میں زخمی چند افراد ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال میں زیر علاج ہیں، جہاں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں زیر علاج دس سے زیادہ زخمیوں کی حالت اب بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پاراچنار میں اتوار کو دہشت گردوں نے اس وقت بزدلانہ کارروائی کی جب شہری عیدگاہ کے علاقے میں موجود عارضی لنڈا بازار میں گرم کپڑوں اور دیگر سامان کی خریداری کر رہے تھے۔ کرم ایجنسی کے پولیٹکل ایجنٹ امجد علی خان کا کہنا تھا، دہشت گردی میں 35 کلوگرم بارودی مواد استعمال کیا گیا جسے جوتوں کے ٹھیلے کے ساتھ رکھا گیا تھا۔

.......

/169