27 اپریل 2015 - 19:19
سرینگر میں بزرگ عالم دین کی نویں برسی پر تقریب کا انعقاد

یہ اجتماع کشمیر کے ایک معروف عالم دین مولانا مولوی مصطفےٰ حسین انصاری مرحوم کو ان کی نویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سرینگر کے جڈی بل نامی علاقے میں منعقد کیا گیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں بزرگ مرحوم عالم دین کی یاد میں ایک پر وقار دینی اجتماع منعقد ہوا۔

کشمیر سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سرینگر میں منعقدہ اس اجتماع میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ یہ اجتماع کشمیر کے ایک معروف عالم دین مولانا مولوی مصطفےٰ حسین انصاری مرحوم کو ان کی نویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سرینگر کے جڈی بل نامی علاقے میں منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر کشمیر کے مایہ ناز ذاکرین حضرات نے مصائب اہلبیت بیان کئے ۔ اس کے علاوہ بیرون ریاست بنگلور سے تشریف فرماء ایک جید عالم دین مولانا سید محمد طوسی نے بھی خطاب کیا۔ مرحوم عالم دین مولانا مصطفےٰ حسین انصاری کی نویں برسی پر انہیں یاد کیا گیا اور کشمیر میں مسلمانوں بالخصوص شیعان کے تئیں ان کی دینی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ واضح رہے مولانا مصطفےٰ حسین انصاری کشمیر کے مایہ ناز عالم دین ہونے کے علاوہ شعلہ بیان مقرر، مفسر قرآن اور ایک معروف قلمکار تھے ۔ کشمیر میں ان کی سماجی، مذہبی اور علمی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

مولانا کی نویں برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کرنے کے لئے مصطفی انصاری فاونڈیشن نامی تنظیم نے اس اجتماع کا اہتمام کیا تھا۔ اس موقع پر کشمیری مرثیہ نگاری کے معروف ذاکرین نے مصائب اہلبیت بیان کئے۔ آخر پر حجتہ السلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے عزاداروں کو موعظ حسنہ سے مستفید کیا۔ اس کے علاوہ آلام و مشکلات میں گرفتار قوم و ملت کی نجات کے لئے اجتماعی طور پر دعاء توسل کی بھی قرأت کی گئی ۔۔  

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲