اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل علی فدوی نے ہفتے کے روز مشرقی ایران میں واقع صحرائے طبس میں امریکی شکست کی سالگرہ کی رسومات میں ایک بیان میں کہا کہ پوری تاریخ میں امریکہ نے اسلام کے مقابلے میں ہمیشہ شکست کھائی ہے اور صحرائے طبس اور مسلط کردہ جنگ میں امریکہ کی شکست، اس کا ایک نمونہ ہے- انھوں نے ایران کے خلاف امریکہ کی پابندیوں کو ایرانی قوم کی طاقت و اقتدار سے، امریکی ہراس اور اس کی کمزوری کا آئینہ دار قرار دیا اور کہا کہ علاقے کے جس ملک پر بھی امریکہ نے حملہ کیا ہے واشنگٹن کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے- دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں ولی فقیہ کے نمائندے میجر جنرل محمد علی آسودی نے صحرائے طبس میں امریکی شکست کی سالگرہ سے متعلق یزد میں منعقدہ ایک تقریب میں کہا ہے کہ ایران کے اسلامی انقلاب کے دشمن، انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ہی اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے رہے مگر دشمنوں کو کبھی کامیابی حاصل نہیں ہوئی- قابل ذکر ہے کہ پچّیس اپریل کی تاریخ مشرقی ایران میں واقع صحرائے طبس میں امریکی ناکامی کی سالگرہ سے مناسبت رکھتی ہے- پینتیس برس قبل پچّیس اپریل سنہ انّیس سو اسّی کو امریکہ نے انتہائی تجربہ کار کمانڈوز کی مدد سے سرزمین ایران کو جارحیت کا نشانہ بنانے کی کوشش کی مگر مکمل منصوبہ بندی کے باوجود اسے صحرائے طبس میں ذّلت آمیز شکست کا منھ دیکھنا پڑا - امریکا کے اس ناکام فوجی آپریشن کے دوران نو امریکی کماںڈوز مارے گئے اور باقی نہایت بوکھلاہٹ کے عالم میں اپنے کئی ہیلی کاپٹر اور طیاروں، حتی مارے جانے والے اپنے ساتھیوں کی لاشوں کو چھوڑ کر فرار کرگئے- صحرائے طبس میں آج بھی اس واقعے کے بعد کے صورتحال کامشاہدہ کیا جاسکتا ہے- صحرائے طبس میں امریکی ہیلی کاپٹروں اور جہاز ملبے کا ڈھیر بنے، واشنگٹن کی کھوکھلی طاقت کا منہ چڑھا رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169