اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے گلگت میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی پسماندگی کے اصل ذمہ دار مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ہیں، جنہوں نے صرف جھوٹے وعدوں کے علاوہ علاقے کے عوام کے بنیادی مسائل کی طرف کوئی توجہ دی ہی نہیں۔ پیپلز پارٹی کا پانچ سالہ دور حکومت کرپشن کی نذر ہوگیا اور سرعام ملازمتیں فروخت کرکے میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ وفاق میں برسر اقتدار نواز لیگ کے دو سال پورے ہونے کو ہیں اور الیکشن سے قبل جناب وزیراعظم کو گلگت بلتستان کے عوام کا خیال آیا اور الیکشن کو ہائی جیک کرنے کیلئے گلگت کا طوفانی دورہ کرکے پرانے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باریاں لینے والی پاکستان پیپلز پارٹی اور نواز لیگ نے کرپشن اور اقربا پروری کی بدترین مثالیں قائم کی ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے داماد اور دوست کو نوازنے کیلئے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کر اقتصادی راہداری زون کو حویلیاں اور ڈی آئی خان میں بنانے پلان تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقوق کے حصول کیلئے بیداری ضروری ہے، مجلس وحدت مسلمین عوامی بیداری کے فریضے پر گامزن ہے اور پاکستان بھر میں مظلوموں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ظالموں و جابر حکمرانوں کے سامنے کھڑی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کی اس جرات اور استقامت سے حاکم طبقہ گھبرایا ہوا ہے اور اس بوکھلاہٹ کے نتیجے میں لیگی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے یمن کے مظلوم عوام کی حمایت اور سعودی جارحیت کی مذمت میں ریلی نکال کر وہی مطالبہ کیا تھا جو آج ملک کی پارلیمنٹ نے قرارداد کی شکل میں پاس کیا، لیکن گلگت بلتستان کی متعصب نگران حکومت نے مظلوموں کیلئے آواز بلند کرنے والے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کے خلاف بے بنیاد مقدمات قائم کرکے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲