اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے شیخ العالم ہال بڈگام میں ”یوم مادر“ کے زیر عنوان ایک روزہ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں وادی کشمیر کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ اس تقریب کے مقررین نے ماں کا بچوں کی کردار سازی اور معاشرہ سازی میں رول اور لڑکیوں کیلئے دینی و مروجہ تعلیم کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کی مناسب سے المہدی فاونڈیشن بڈگام کی جانب سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں مقررین نے کہا کہ ماں کی گود بچوں کیلئے پہلا مکتب ہوتا ہے کیونکہ یہاں سے ہی ایک بچے کی کردار سازی شروع ہوتی ہے اور اب اگر ماں ہی علم کے نور سے محروم رہ چکی ہو، تو بچے کی پرورش پر منفی اثرات پڑنا یقینی ہے۔
مقررین نے کہا کہ دور حاضر میں سماج میں پائی جانے والی برائیوں کے باعث مسائل، مشکلات اور پریشانیوں میں گھری خواتین طبقہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت اور تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتی ہیں۔ انہوں نے کانفرنس میں موجود طالبات سے درخواست کی کہ وہ خاتون جنت (س) کی زندگی کو اپنی زندگیوں کیلئے نمونہ عمل بنائیں کیونکہ اسی میں ہر مسلم عورت کی دنیوی اور آخروی کامیابی کا راز مضمر ہے۔ مقررین نے بچوں کی تربیت میں ایک ماں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بچوں کو دیندار بنانا ہر ماں کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک ماں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم سے بھی آراستہ کریں اور اس سلسلے میں یہ کوشش ہونے چاہئے کہ ایسے اسکول کا انتخاب کیا جائے جہاں مروجہ تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کا بھی انتظام ہو۔
.......
/169