اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے عالمی ریڈکراس کے سربراہ پیٹر مورر سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے یمنی عوام کے لئے فوری طور پر انسان دوستانہ امداد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عالمی ریڈکراس کی جانب سے اس سلسلے میں مزید کوششوں کا مطالبہ کیا ہے۔
حسین امیر عبداللہیان نے یمنی عوام کی ناگفتہ بہ صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی عوام کو اس وقت انسان دوستانہ امداد منجملہ دواؤں، ایندھن اور خوراک کی اشد ضرورت ہے اور عالمی ریڈکراس کو چاہیئے کہ ایسے پرامن راستے فراہم کرے جن کے ذریعے یمنی عوام کو یہ امداد پہنچائی جاسکے۔
انہوں نے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل میں سعودی حکام کی جانب سے پیدا کی جانے والی رکاوٹوں پر کڑی تنقید کی اور تاکید کے ساتھ کہا کہ یمنی عوام بیرونی امداد کے منتظر ہیں اور اس سلسلے میں موثر اقدامات عمل میں لائے جانے کی ضرورت ہے-اس ٹیلیفونی گفتگو میں عالمی ریڈکراس کے سربراہ "پیٹر مورر" نے بھی یمنی عوام کے لئے انسان دوستانہ امداد روانہ کئے جانے کی ضرورت پر ایران کی بھرپور توجہ کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ریڈکراس نے یمنی عوام کی انسان دوستانہ امداد کے حوالے سے سعودی حکام سے گزشتہ ہفتے گفتگو کی تھی اور پوری کوشش کی کہ یمنی عوام کو خاص طور سے دواؤں اور خوراک پہنچانے کے بارے سعودی حکام کی رضامندی حاصل کرلی جائے مگر گفتگو کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
انہوں نے کہا کہ یمنی عوام کےلئے امداد کی ضرورت کے پیش نظر، عالمی ریڈکراس، اس سلسلے میں اپنی کوششیں بدستور جاری رکھے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169