اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جمعے کی شام کو عراقی کردستان کے مرکز اربیل میں عیسائی آبادی والے علاقے عنکاوہ میں ایک کار بم دھماکہ ہوا ہے۔ غیر سرکاری رپورٹوں کے مطابق ایک خودکش بمبار ایک گاڑی کے ذریعے اربیل میں امریکی قونصل خانے کو نشانہ بنانا چاہتا تھا تاہم سیکورٹی فورس کو اطلاع ملنے اور اس کا تعاقب کرنے کے نتیجے میں اس خودکش بمبار نے قونصل خانے پہنچنے سے پہلے ہی خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ غیر سرکاری ذرائع اس واقعے میں پیشمرگہ ملیشیا کے دو اہلکاروں اور دو عام شہریوں کے زخمی ہونے کی خبر دے رہے ہیں ۔ جبکہ بعض ذرائع نے کہا ہے کہ اس دہشت گردانہ واقعے میں متعدد افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ سیکورٹی فورسیز نے واقعے کے بعد جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا اور نامہ نگاروں کو وہاں جانے سے روک دیا اور اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ابھی تک اس دہشت گردانہ کاروائی کےبارے میں کردستان میں کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔













.....
/169