18 اپریل 2015 - 07:15
ایران، مرحلہ وار پابندیاں ہٹائے جانے کا خواہاں نہیں ہے

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات میں حقائق پر تکیہ کرنا چاہئے اور سیاست کو الگ رکھنا چاہئے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے یورو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی مذاکرات میں، دو ہدف تک پہنچنے کی کوشش کی گئی ہے؛ پہلا مقصد اس بات کا اطمینان حاصل کرنا ہے کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیاں ہمیشہ پرامن باقی رہیں گی اور دوسرا مقصد، پابندیوں کو ختم کرنا رہا ہے- جواد ظریف نے مزید کہا کہ دونوں مقصد منطقی تھے کیونکہ ایران کبھی بھی ایٹمی ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا تھا اور یہ کہ ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیاں مسئلے کے حل کے لئے کسی کی بھی مدد نہیں کریں گی- ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران، مرحلہ وار پابندیوں کے خاتمے کا خواہاں نہیں ہے اور اگر لوزان میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مشترکہ اعلامیے کو دیکھا جائے تو آپ کو معلق یا معطل کے الفاظ تک نہیں ملیں گے اور مرحلہ وار کا لفظ بھی دکھائی نہیں دے گا۔ لہذا واضح ہے کہ تمام اقتصادی اور مالی پابندیاں ختم ہو جائیں گی- ایران کے وزیر خارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ جس دن ایران اور گروپ پانچ جمع ایک، حتمی نتیجے تک پہنچ گئے، اس دن معاہدے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھیجا جائے گا اور سلامتی کونسل قرارداد جاری کرے گی جس کی بنیاد پر تمام سابقہ قراردادیں منسوخ اور ایران مخالف تمام پابندیاں اٹھا لی جائیں گی- یورپی یونین کے خارجہ پالیسی شعبے نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں حتمی معاہدے کے لئے مذاکرات کا سلسلہ بائیس اور تیئیس اپریل دو ہزار پندرہ کو آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں شروع ہو گا-

.......

/169