اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے مختلف شہروں میں کئے جانے والے ان مظاہروں میں امریکی عوام نے نسل پرستی کے خلاف شدید نعرے لگائے اور امریکی پولیس کے رویے میں تبدیلی کا مطالبہ کیا- ان رپورٹوں کے مطابق نیویارک میں کئے جانے والے مظاہرے کے دوران امریکی پولیس نے کئی مظاہرین کو گرفتار کرلیا- یہ مظاہرین، امریکی پولیس کے ہاتھوں ہونے والے قتل کے سلسلے میں انصاف کا مطالبہ کررہے تھے- امریکہ کے تیس شہروں میں کئے جانے والے مظاہرے کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ امریکی پولیس، نسلی امتیاز کی بنیاد پر سیاہ فام شہریوں کا قتل کرنا بند کرے- واضح رہے کہ امریکی شہر فرگوسن میں ایک سفید فام امریکی پولیس افسر کے ہاتھوں، ایک سیاہ فام امریکی شہری کے قتل کے بعد سے امریکہ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور اب اس سلسلے میں احتجاج کا دائرہ پورے امریکہ میں پھیلتا جارہا ہے- اسی سلسلے میں منگل کے روز امریکہ کی اٹھارہ ریاستوں کے تیس شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے.
.......
/169