14 اپریل 2015 - 15:09
سعودی جارحیت کے خلاف یمن میں بڑے پیمانے پر مظاہرے

یمن کے صوبہ الحدیدہ کے عوام نے اپنے ملک پر سعودی حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ان مظاہروں کے شرکاء نے بے گناہ شہریوں کی شہادت اور سعودی قیادت میں جارح اتحاد کی مداخلت کی مذمت کی-

یمنی مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن میں رہائشی علاقوں اور شہری و غیر فوجی تنصیبات پر سعودی عرب کے جنگی جہازوں کے فضائی حملوں کی مذمت کی گئی تھی-
مظاہرین نے اختتامی اعلامیے میں دنیا کی تمام حکومتوں، قوموں، اداروں اور امن پسند تنظیموں سے یمن پر سعودی جارحیت رکوانے کی اپیل کی ہے-
امریکی فوج کے ایک ریٹائرڈ جنرل نے کہا ہے کہ امریکہ نے سعودی عرب اور دوسرے جارح ملکوں کی فوجی امداد بڑھا دی ہے۔
اس امریکی فوجی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ یمن کے خلاف سعودی عرب کی ہرجنگ میں امریکی فوجیوں نے شرکت کی ہے-
واضح رہے کہ یمن کے خلاف سعودی عرب کی حالیہ جنگ، چھٹی فوجی جارحیت ہے کہ جس میں یمنی عوام کو براہ راست نشانہ بنایا جارہا ہے-
دوسری جانب یمنی خواتین نے دارلحکومت صنعا کے ایک سرکاری اسکول میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت اور یوم خواتین کے مناسبت سے ایک اجتماع میں سعودی اتحاد کی جارحیت کے مقابلے میں ہتھیار اٹھا کر یمنی فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کیا-
اس اجتماع کے شرکاء نے تاکید کے ساتھ اعلان کیا کہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ یمن کو سعودی جارحین کی قبرستان میں تبدیل کردیں گی-
یمنی خواتین نے ایک بیان جاری کرکے سعودی جارحیت کے مخالفت تمام ممالک، خصوصا پاکستان کا اس غیر مساوی جنگ میں شرکت نہ کرنے پر، شکریہ ادا کیا-

.......

/169