14 اپریل 2015 - 12:05
دنیا کے سرمایہ کار ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کے خواہشمند

مختلف رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ مختلف ملکوں کے سرمایہ کار ایران میں تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق آزاد تجارتی علاقوں کی کونسل کے سیکرٹری اکبر ترکان نے کہا ہے کہ ایران کے آزاد تجارتی علاقوں میں بیرونی سرمایہ کاری ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا پہلا قدم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد یہ امید کی جاتی ہے کہ بیرونی کمپنیاں اور گروپ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی سرمایہ کاری کریں گے جس کے نتیجے میں ملک میں معاشی لحاظ سے ترقی اور رونق آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار ایران میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے بے تاب ہیں اور ایران کی منڈی میں داخل ہونے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق وہ بڑی کمپنیاں جو پابندیوں کی وجہ سے ایران میں کام کرنے سے قاصر تھیں انہیں بے پناہ نقصان ہوا ہے اور اب جبکہ انہیں ایران کی عظیم منڈی میں قدم رکھنے کا موقع مل رہا ہے تو وہ اپنے تجارتی رقیبوں سے کسی بھی طرح پیچھے رہنا نہیں چاہتیں۔ ایران میں معدنیات کی صنعت میں سرمایہ کاری کرنے میں ملٹی نیشنل کمپنیوں نے دلچیسپی ظاہر کی ہے۔ لوزان بیان کے بعد جسے ایران پر پابندیوں کےخاتمے کا پیش خیمہ قرار دیا جا رہا ہے، ایران کی معدنیات کی صنعت میں سرمایہ کاری کے تقاضے بڑھتے جا رہے ہیں۔ ایران کے نائب وزیر صنعت و معدنیات مھدی کرباسیاں کے بقول بہت سی غیرملکی کمپنیاں اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے خود کو آمادہ کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ ایران میں تجارت کا ایک شعبہ جس میں غیرملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، ایران کا بازار حصص ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا دوسرا گروہ تہران اسٹاک ایکسچینج کے مینجنگ ڈایئریکٹر حسن قالیباف سے مذاکرات کی غرض سے تہران پہنچا ہے۔ اس گروہ نے جو دنیا کے پچیس ملکوں میں سرمایہ کاری کرتا ہے اس دورے میں ایران کی اسٹاک مارکیٹوں کی توانائیوں سے آشنائی حاصل کی ہے اور ایران میں بھرپور طرح سے سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲