اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیرخارجہ نے سوئیزرلینڈ کے شہر لوزان میں یمن کے حالات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی اور مغربی ملکوں کو خبردار کیا کہ وہ، دہشتگرد گروہوں منجملہ القاعدہ اور داعش کے ہمراہ تنگ نظرانہ کھیل میں نہ الجھیں۔ محمد جواد ظریف نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ یمن میں بحران کے آغاز سے ہی یمنی گروہوں کے درمیان مذاکرات اور دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے اس ملک میں ایک وسیع البنیاد حکومت کے قیام کی ضرورت رہی ہے، کہا کہ یمن کے بحران کا حل بھی یہی ہے۔ انھوں نے صنعا اور عدن پر سعودی عرب کے فضائی حملوں میں عام شہریوں کے مارے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں کے قتل عام کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔ ایران کے وزیرخارجہ نے فوجی کاروائی فوری طور پر بند اور مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگی حالات سے پورے علاقے میں کشیدگی مزید بڑھے گی اور اس معرکے میں شریک ہونے والے کسی بھی ملک کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔ وزیرخآرجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران یمن کے بحران پر قابو پانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169