اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ شام کے نائب صدر نجاح العطارنےاردن کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا کہ عرب لیگ پوری طرح خلیج فارس کے عرب ملکوں کے شہزادوں کے اشاروں پر کام کررہی ہے اور تیل کے شہزادوں نے اس کو اپنا آلہ کار بنالیا ہے- شام کے نائب صدر نے اسی طرح اردن میں دہشتگرد گروہوں کو تربیت دیئے جانے پر بھی شدید تنقید کی- انھوں نے عرب لیگ میں خلیج فارس کے عرب ملکوں اور تیل کے شہزادوں کے اثرورسوخ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عرب لیگ، بعض عرب ملکوں کے ہاتھوں کا کھلونا بن گئی ہے- شام کے نائب صدر نے کہا ہے کہ عرب ملکوں کے تیل کی جو دولت شام میں دہشتگردی کو فروغ دینے پر صرف کی گئی ہے اگر عرب قوموں کی ترقی اور عالمی ثقافتی اداروں کے قیام پر صرف کی جاتی تو کارآمد واقع ہوتی- انھوں نے کہا کہ گذشتہ چار برسوں کے دوران حکومت شام کے خلاف جنگ مسلط کئے جانے کے باوجود دمشق کو، اس کے قومی اقدارواصول پر عمل اور اسی طرح فلسطینی قوم کی حمایت کرنے سے نہیں روکا جاسکا ہے- انھوں نے کہا کہ شام کے دشمن، اس وقت غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ بھرپورتعاون اور شام میں فوجی مداخلت کی کوشش کررہے ہیں لیکن شام کے عوام یہ بات کبھی بھی برادشت نہیں کریں گے- اس ملاقات میں اردن کے وفد نے بھی اعلان کیا کہ اردن کے عوام، شام کے خلاف، کی جانے والی سازش سے باخبر ہیں اور وہ اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ ان کا ملک شام جانےوالے دہشت گردوں کی گذرگاہ بن جائے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲