اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شہر میں بلا تفریق آپریشن کے عمل کو مزید موثر اور منظم کرنے کیلئے شہر بھر میں کام کرنے والے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں، علاقائی ذمہ دار اور سرگرم کارکنان کی فہرستیں تیار کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جن کے خلاف کسی بھی نوعیت کے مقدمات درج ہیں اور اسکے ساتھ کسی کی گرفتاری پر آنے والے رد عمل کے حوالے سے بھی مکمل رپورٹ تیار کرنا شروع کردی گئی ہے۔ سندھ پولیس ذرائع کے مطابق سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سرگرم کارکنان، علاقائی ذمہ داران اور اہم رہنماؤں کے مکمل کوائف اور فہرستیں تیار کرنے کی ہدایت ملنے کے بعد اسپیشل برانچ کی جانب سے فہرستوں کی تیاریوں کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نہ صرف ان افراد کے نام اس فہرست میں ڈالے جارہے ہیں جن کے خلاف مقدمہ درج ہے بلکہ ان کی بھی مانیٹرنگ بڑھائی جائے گی جنہوں نے کسی اور کے خلاف مقدمات درج کرائے ہیں۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ مذکورہ فہرست میں کسی ایک سیاسی جماعت کے نہیں بلکہ شہر میں اس وقت کام کرنے والی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ارکان کے نام ہونگے، رپورٹ ڈویژن کی بنیاد پر تیار کی جارہی ہے اور اگلے دو سے تین دنوں مکمل کرلی جائے گی۔
.......
/169