اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستے العلم قصبے کے مرکز پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد تکریت کے شمالی علاقے میں دہشت گردوں کے آخری اڈے میں داخل ہو گئے ہیں اور اس علاقے کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کردیا ہے۔ اس سلسلے میں عراق میں فوجی کمانڈروں نے اعلان کیا ہے کہ داعش کے دہشت گرد العلم قصبے کے شمالی علاقے کے گھروں میں روپوش ہو گئے ہیں تاہم عراقی فوج اس قصبے پرکنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ عراقی فوج کے کمانڈروں کا کہنا ہےکہ فوج اور عوامی رضاکار فورس نے تکریت کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے خود کو دہشت گردوں سے دو بدو لڑائی کے لیےتیار کرلیا ہے۔ ایک اور خبر کے مطابق صوبہ الانبار کے صدر مقام الرمادی کے جنوب میں الکرمہ کے علاقے میں عراقی فوج کے شدید حملوں اور صلاح الدین اور بعض دیگر علاقوں میں داعش کےخلاف فوجی کارروائی میں تیزی آنے کی وجہ سے داعش کے سرکردہ افراد سرحدی علاقوں سے شام کی طرف بھاگ رہے ہیں۔ دریں اثنا کرد ملیشیا نے موصل اور کرکوک کو ملانےوالی شاہراہ پرکنٹرول حاصل کر لیا ہے اور کرکوک کے جنوب مغرب میں گیارہ سے زائد دیہاتوں کو آزاد کرالیا ہے۔ کرکوک کے گورنر نجم الدین کریم نےکہا ہے کہ جن علاقوں کو کرد ملیشیا نے آزاد کرایا ہے وہ آئیل فیلڈز، شمال کے گیس اسٹیشن اور بجلی گھروں کی وجہ سے بہت زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔
.......
/169