3 مارچ 2015 - 16:57
انصاراللہ کے لئے سلامتی کونسل کی مقررہ مہلت ختم

یمن کے دارالحکومت صنعا میں سرکاری اداروں سے انصاراللہ کے انخلا، مذاکرات کی میز پرآنے اور یکطرفہ فیصلوں سے گریز کرنے کے بارے میں سلامتی کونسل کے الٹی میٹم کا وقت ختم ہوگیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مفکرۃ الاسلام ویب سائٹ کے حوالے سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے دھمکی دی ہے کہ عوامی تحریک انصاراللہ نے اگر سلامتی کونسل کی قرارداد کی پابندی نہ کی تو دیگر تدابیر اختیار کی جائیں گی ۔
دریں اثنا صنعا میں منگل کے روز مختلف جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں سوشلسٹ پارٹی اور حزب تجمع نے بھی شرکت کی۔  ان پارٹیوں نے اس سے قبل مذاکرات کے عمل میں اپنی شمولیت جاری رکھنے سے انکار کردیا تھا۔  اس اجلاس میں یمن کی سیاسی جماعتوں نے مذاکرات کے مقام اور مذاکرات میں منصور ہادی کے نمائندوں کی شرکت کے مسئلے کا بھی جائزہ لیا تاہم اس سلسلے میں کوئی اتفاق رائے نہ ہوسکا۔
 
واضح رہے کہ یمن کو چھے حصوں میں تقسیم کرنے کے منصورہادی کے منصوبےکے خلاف یمنی عوام نے انصاراللہ تحریک کے پرچم تلے شدید احتجاج کیا تھا جس کے نتیجے میں منصورہادی نے عہدہ صدارت سے استعفی دے دیا تھا ۔
 
صنعا میں اپنے گھر میں کئی ہفتے تک قیام کرنے کے بعد وہ اکیس فروری کو جنوبی شہرعدن فرار کر گئے ہيں، جہاں وہ خلیج فارس کے بعض عرب ملکوں اور امریکا کے ساتھ مل کر یمن کو تقسیم کرنے کی سازش کررہےہيں ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲