25 فروری 2015 - 10:23
بغداد میں ایران کے وزیر خارجہ اور عراقی وزیراعظم کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ اور عراق کے وزیراعظم نے دہشت گردی سمیت مختلف مسائل کے بارے میں بات چيت کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کی رات بغداد میں عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی سے ملاقات میں داخلہ اورخارجہ پالیسیوں کے میدان میں عراق کے اچھے سیاسی نتائج اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی حکومت، عوام اور فوج کو ملنے والی کامیابیوں پر اعراقی عوام کو مبارک باد پیش کی -

ایران کے وزیرخارجہ نے امید ظاہر کی کہ بغداد کے نئے اقدامات پرعراق کے ہمسایہ ممالک کا ردعمل مثبت اور مناسب ہو گا-
وزیرخارجہ جواد ظریف نے اسی طرح اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر کے حالیہ دورۂ عراق کے نتائج اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے دس سمجھوتوں پر دستخط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تہران اور بغداد کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مثبت قدم اٹھائے گئے ہیں-
عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے بھی اس ملاقات میں مختلف شعبوں خاص طور پر سیاسی و اقتصادی میدانوں میں تہران اور بغداد کے تعلقات میں توسیع کو عراقی حکومت کی ترجیحات میں قرار دیا-
حیدر العبادی نے کہا کہ ایران اور عراق کے حکام کے پے در پے دورے دو طرفہ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے میں دونوں ملکوں کی دلچسپی کو ظاہر کرتے ہیں-
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اسی طرح منگل کی رات کاظمین شہر میں فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام اور حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے روضےکی زیارت کی جس کے بعد وہ عراق کا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے تہران واپس لوٹ آئے-

.....

/169