25 فروری 2015 - 05:42
پیرس: پانچ مشکوک ڈرون طیاروں کی پروازیں

فرانس کے سیکورٹی ذرائع اور پولیس نے اعلان کیا ہے کہ پیر کی رات پیرس کے بعض علاقوں میں کم سے کم پانچ ڈرون طیارے پرواز کرتے دیکھے گئ‏ے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں انجام پانے والی تحقیقات کے بعد قریبی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ یہ ڈرون طیارے گذشتہ نصف شب کے بعد سے مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے تک پرواز کرتے دیکھے گئے، تاہم پولیس تلاش کے باوجود ان افراد کو گرفتار نہيں کر سکی جو انھیں کنٹرول کر رہے تھے۔ پہلا ڈرون طیارہ امریکی سفارت خانے کے قریب پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ دوسرے طیارے ایفل ٹاور، ڈزانوالیڈ ہوٹل اور کنکرڈ اسکوائر کے قریب پرواز کررہے تھے۔ مقامی پولیس کے حکام ان طیاروں کی پرواز کو ایک منصوبہ بند اقدام قرار دے رہے ہیں۔ فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق ایک ماہ قبل بھی ایلزہ پیلس کے قریب ایک بغیر پا‏‏ئلٹ کے طیارے کو اڑتے دیکھا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے سے اب تک فرانس کے حساس مراکز خصوصا ایٹمی پلانٹ کے فضا میں کم از کم بیس ڈرون طیاروں کو پرواز کرتے دیکھا گیا ہے۔ تاہم اب تک پولیس ان طیاروں کو کنٹرول کرنے والے کسی بھی شخص کو گرفتار نہيں کرسکی ہے۔

.......

/169